لاہور . پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعت (ق) لیگ کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد دونوں جماعتوں نے مسائل حل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اتحادی جماعت (ق) لیگ سے مذاکرات کے لیے چوہدری برادران کی رہائش گاہ پہنچی، کمیٹی میں گورنرپنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وفاقی وزرا پرویز خٹک، اسدعمر، اور شفقت محمود بھی شامل تھے۔
مذاکرات کے بعد چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اب چیزیں واضح ہوگئی ہیں، جو مسئلے آئے تھے ان پر بات ہوئی اور انہیں حل کرلیا ہے، اب کوئی مسئلہ نہیں، جو دوسرے مسئلے ہیں جن میں مختلف مسائل سامنے آئی ان پر بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو جو چیلنجز درپیش ہیں ان کا مل جل کر مشاورت سے سامنا کریں گے، ہر دور میں حکومتیں چیلنجز کا سامنا کرتی ہیں اس لیے جو صورتحال ہوگی مل کر سامنا کریں گے اور حل ڈھونڈیں گے۔