لاہور۔ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور واپسی کی درخواستوں پر سماعت کرنے والا بینچ تبدیل ہوگیا۔لاہورہائیکورٹ کے نئے ججز روسٹرمیں دونئے ججز کو شامل کیاگیاہے جن میںجسٹس علی باقر نجفی اورجسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں۔
نجی ٹی وی نائنٹی ٹو نیوز کے مطابق مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ کی واپسی کی درخواستوں پر سماعت کرنے والا بینچ تبدیل ہوگیا۔درخواست پر ابتدائی سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے ہی کی تھی،تاہم جسٹس علی باقر نجفی کی تعطیلات کی وجہ سے بنچ تبدیل ہوگیا تھا۔اب ایک بار پھر بینچ تبدیل ہوا ہے جس میں جسٹس علی باقر نجفی کو دوبارہ شامل کرلیاگیاہے۔مریم کی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے کی جائے گی۔
مریم نواز نے اپنی درخواست میں موقف اختیارکررکھا ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں غیر قانونی طریقے سے شامل کیاگیا ہے جو کہ عدالتی احکامات کے بھی منافی ہے۔نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام ایک عجوبہ ہے۔ انہوں نے کہا تھاکہ والدہ کے انتقال کے بعد وہ نواز شریف کی دیکھ بھال کرتی ہی اور نواز شریف ان پر انحصار کرتے ہیں لہذا ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے اور انہیں پاسپورٹ بھی واپس کیاجائے۔ مریم نے اپنی درخواستوں میں وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کو فریق بنارکھاہے۔