لیہ(صبح پا کستان) کلین گرین پنجاب مہم کے تحت چمکے گا لیہ سلوگن پر عملدرآمد شروع۔ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء اور ڈی پی او حسن اقبال نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سے ملحقہ پلاٹ سے کوڑا کرکٹ چن کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی جی محمداشفاق سیال،اسسٹنٹ کمشنرز نیازاحمدمغل،آصف اقبال،سلیمان لون،چیئرمین اوور سیزپاکستانیز نویدگجر ایڈووکیٹ،صدربار عبدالستار علوی،صدرانجمن تاجران ملک مظفر اقبال دھول،افسران و اہلکاران،سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور میڈیا نمائندگان اور ٹی ایم اے اہلکاروں و شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی کلین گرین مہم کے تحت چمکے گا لیہ ہمار ا سلوگن ہے۔
یہ شہر ہم سب کا سانجھا ہے اور اس کی صفائی و خوبصورتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں گندگی اور صفائی کی ابتر صورت حال کے ذمہ دار ہم لوگ ہیں کیونکہ ہم کوڑا کرکٹ مخصوص جگہ پر پھینکنے کے عادی نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے کوڑا کرکٹ شاپر میں بندکرکے مخصوص ڈبے یا مقامات پر ڈالیں تاکہ سنیٹری اہلکاروں کو صفائی کے عمل میں آسانی رہے۔انہو ں نے کہا کہ کلین گرین مہم اور چمکے گا لیہ سلوگن کے تحت صفائی ستھرائی کا عمل دیگر شہروں اور قصبوں تک بتدریج بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود اس سارے عمل کی اور اسسٹنٹ کمشنر اپنی متعلقہ تحصیلوں کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ اس مہم میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ہمارے سفیر بنیں۔