اسلام آباد ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ اوآئی سی کے پلیٹ فارم سے بھی بھارت پر بے پناہ تنقید ہو رہی ہے،بہت سے ممالک نے کشمیر پر پاکستان کا ساتھ دیا،مقبوضہ کشمیر پردوٹوک موقف اختیار کرنے پر ملائیشیا ، ترکی، ایران کے شکرگزار ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا شہریت بل بہت متنازع ہے ،لوگ سمجھتے ہیں بھارتی سرکارہندوتوا کو مسلط کر رہی ہے ،شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایل او سی پر باڑ کاٹنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں ،ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں براہموس میزائل لگائے گئے ہیں ،جس سے علاقے کے امن کو خطرہ ہوچکا ہے ۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ اس سال ایل او سی پر 3ہزار سے زائد خلاف ورزیاں ہوچکی ہیں ،بھارتی سرکار کی خواہش کے باوجود میڈیا کو باندھ نہ سکے ،خبریں دنیا کو مل رہی ہیں،مقبوضہ کشمیر میں جو کیا اسے کمیونیکیشن بلیک آؤٹ سے دبایا گیا ،ان کاکہناتھا کہ بھارت کے بیانئے کے پیچھے ناپاک عزائم ہیں،بھارتی منصوبے کا تدارک سلامتی کونسل کا کام ہے،سلامتی کونسل کے صدر کو آگاہ کیا کہ ان حرکتوں کے پیچھے منصوبہ نظرآ رہاہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا میں ٹو پلس ٹو ملاقات میں پاکستان پر بلا وجہ تنقید کی گئی ،اوآئی سی کے پلیٹ فارم سے بھی بھارت پر بے پناہ تنقید ہو رہی ہے،دو ایٹمی قوتیں آمنے سامنے ہوں تو عالمی صورتحال پر اثر پڑے گا،بہت سے ممالک نے کشمیر پر پاکستان کا ساتھ دیا،مقبوضہ کشمیر پردوٹوک موقف اختیار کرنے پر ملائیشیا ، ترکی، ایران کے شکرگزار ہیں۔