لیہ( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے دھنداور فوگ کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے جاری مہم کے سلسلہ میں سست رفتار گاڑیوں اور ریڑھیوں پر ریفلیکٹرز لگائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل اشفا ق حسین سیال،اے سی نیاز احمد مغل اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مہم کو کامیاب بنا کر قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے ضلع بھر میں تمام سست رفتار گاڑیوں کے مالکان کی رہنمائی کی جائے اورپرائیوٹ انڈسٹری مالکان کو پابند کیاجائے کہ ان تک خام مال پہنچانے والی ٹرالیوں اور ریڑھیوں پر ریفلیکٹر ز لگائیں۔انہوں نے کہا کہ سماجی تنظیمیں ریفلیکٹر لگوانے میں موثر کردار اداکریں۔
بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے نوتعمیر پانچ مرلہ ڈسپوزل ورکس کا معائنہ کیا جس کے دوران انہوں نے قریبی گلیوں میں صفائی اور سیوریج کی صورت حال کا معا ئنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے عام شہری کی طرح اے ڈی سی جی محمداشفاق سیال کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر تمام گلیوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پرایکسین پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ ڈسپوزل ورکس کو فوری طور پر چالو کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ ڈسپوزل ورکس کے لیے بجلی کے کنکشن کے لئے متعلقہ محکمہ سے رجوع کرکے انہیں رپورٹ د ی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈسپوزل ورکس سٹاف کی جمعہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ کرکے خدمات حاصل کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جانوروں کا گوبر اور عمارتی ملبہ سیوریج لائنوں و گلیوں میں ڈالنے والوں کے خلاف ایم سی حکام مقدمات درج کروائیں۔