لیہ(صبح پا کستان) اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں طالبعلم کی شہادت کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان نے ڈویژنل ناظم ڈی جی خان حسین احمد کی قیادت میں ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کے باہر احتجاج کیا. مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے مختلف پینافلکس اور بینرز اٹھا رکھنے تھے جن پر محمد طفیل شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا. مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حسین احمد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیز میں سازش کے تحت اسلحہ اور لسانی جماعتوں کو پروان چڑھایا جارہا ہے. انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اندر سخت سیکورٹی میں اسلحہ لے کر آنے اور سٹوڈنٹ لیڈر کو اس وقت شہید کرنا جب مرکزی رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ایکسپو سے خطاب کررہے تھے یونیورسٹی کی انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہے. انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی ریکٹر سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے. ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لیہ عبدالقدیر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیز علم کی درسگاہوں کو لبرل اور لسانی گروہ اس کے اندر فحاشی پھیلانا چاہتی ہیں جس کے خلاف اسلامی جمعیت دیوار بنی رہی اور ہمیشہ بنی رہے گی انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے. اسلامی جمعیت طلبہ کے احتجاج میں سابقین جماعت رضوان خان. عامر مسعود. غلام جیلانی سمیت دیگر بھی شریک ہوئے.