لاہور ۔ بے روز گار نوجوانوں کو روزگار دینے کی کوشش، وزیراعلیٰ پنجاب نے ہنر مند پنجاب پروگرام کا افتتاح کردیا۔ ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹیوٹا کے زیر اہتمام کورسز کروائے جائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت 4 ٹیکنیکل یونیورسٹیز کے قیام پر کام کررہی ہے ، مزید 9 لاکھ نوجوانوں کو ٹیوٹا کے دائرہ کار میں لائیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت روز گار کی فراہمی کا وعدہ پورا کرے گی۔ وزیر اعلی پنجاب نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ حکومت کی معاشی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ عالمی اداروں نے بھی معاشی صورتحال بہتر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ یہ پروگرام وزیراعظم کے ویژن کا عکاس ہے۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے منصوبے تیزی سے مکمل ہورہے ہیں، سی پیک کے تناظر میں ہنرمند نوجوان پروگرام اہمیت کا حامل ہے۔ ہنر مند نوجوان کسی بھی ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹیوٹا کے زیر اہتمام کورسز کروائے جائیں گے۔ ترقی کے لیے درکار وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔