راجن پور( صبح پا کستان)چائلڈ لیبر اور جبری مشقت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔کم عمر بچوں کو بٹھہ خشت پر کام کرانا مجرمانہ فعل ہے۔ان بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔یہ ایک باشعور معاشرے کی اولین ذمہ داری ہے۔کیونکہ بچے مستقبل میں قوم کے معمار ہیں۔یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی نے ضلعی ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر میاں جہانگیر،سول سیکیورٹی آفیسر امتیاز احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد عالم، ڈی ایس پی ٹریفک ریاض حسین، پراسیکیوٹر غلام مصطفی،صدر بار سخاوت حسین بخاری،منیجر صنعت زار نادیہ نواز،انڈس شوگر مل کے نمائندہ ظفر اقبال،بٹھہ یونین کی طرف سے نور خان،حفیظ دریشک اوررانا شاہ جہان نے شرکت کی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر نے بتایا کہ چائلڈ لیبر ایکٹ کی اسپیشل مہم کے دوران پانچ ایف آئی آر ہو چکی ہیں اور آئندہ بھی کاروائی جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ 85گھریلو ورکر رجسٹر کئے جا چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے لیبر آفیسر کو ہدایت کی کہ لوگوں کو چائلڈ لیبر کے بارے میں آگاہی دیں اور مختلف مقامات پر چائلڈ لیبر ایکٹ کے بینرز آویزاں کریں۔ڈی سی نے سول سیکیورٹی آفیسر کو ہدایت کی کہ مزدوروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایمبولینس اور ڈسپنسری فراہم کی جائے۔