راجن پور(صبح پا کستان )پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے۔تمام مکاتب فکر کے لوگ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔16دسمبر 2019بروز سوموار سے شروع ہونے والی پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران 4لاکھ 30ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔کوئی بچہ قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ٹرائی بارڈر ایریا،قبائی علاقہ اور کچہ کے علاقہ کو خاص طور پر فوکس کیا جائے۔اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی و کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی اور ایم پی اے سردار اویس خان دریشک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سردار صدیق امان اللہ خان دریشک،سردار محمد علی امان اللہ دریشک،چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر محبت علی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر عبداللہ جلبانی،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ہاشم علی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شعیب الرحمان وڈاکٹر جبران خلیل،ڈاکٹر مدثر،ڈاکٹر گلبدین،سردار کلیم خان دریشک،مولانا قاری محمود الحسن قاسمی،مولانا جلیل الرحمان صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے پولیو مہم کی ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔اس سلسلے میں پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پولیو کے قطرے پلانے کے لئے 1160ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔جن میں ایریا انچارج 222،موبائل ٹیمیں 1005،فکسڈ 73اورٹرانزٹ 82ہیں۔جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔