لیہ( صبح پا کستان )کمشنر ڈی جی خان ڈویژن نسیم صادق نے کہا ہے کہ عوامی توقعات پر پورااُترنا چیلنج ہے۔افسران پبلک سرونٹ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں۔ حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کسی قسم کی کوتاہی ہرگزبرداشت نہ کی جائیگی۔
یہ بات انہوں نے ضلع لیہ کے دورہ کے موقع پر ڈی سی کمیٹی روم میں ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ممبران قومی و صوبا ئی اسمبلی عبد المجید نیازی،شہاب الدین خان سیہڑ،محمدطاہر رندھاوا،سید رفاقت علی گیلانی،ملک احمدعلی اولکھ، علی محمد جکھڑ شریک تھے۔کمشنرڈیرہ تمام افسران سے اُنکی نشستوں پر جا کر ملے اور تعارف کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے کمشنر کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کلین اینڈ گرین مہم،گراں فروشی کے خاتمے،تجاوزات ہٹانے،سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ہفتہ وار کھلی کچہریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر نسیم صادق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے مسائل سے زیادہ باخبر رہتے ہیں جن کی مشاورت کو یقینی بناتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مکمل کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ تمام بریفنگ آفس کی بجائے متعلقہ سائٹ پر لی جائے گی تاکہ حقیقی مقاصد کے حصول کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو مستفید کیاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہم آفیسر نہیں بلکہ پبلک سرونٹ ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے ہدایت کہ ضلع بھر میں سڑکوں، نہروں اور سرکاری دفاتر و رہائشگاہوں کے تما م سوختہ درختوں کا سروے ایک ماہ میں مکمل کیا جائے اور نیلام کرکے نئے درخت لگائے جائیں۔گرین پنجاب کے تحت تین سال سے کم عمرکا کوئی پودا نہ لگایاجائے تاکہ شجر بارآور ثابت ہوسکیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ گندم کے سٹاک کی حفاظت اور مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر فروختگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کلین پنجاب مہم کے سلسلہ میں سینٹری ورکرز کی سوفی صد حاضری یقینی بنائی جائے اور ڈسپوزل ورکس سٹاف کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ کرکے اوورٹائم معاوضہ دیتے ہوئے کام لیا جائے اور دفعہ 144کے تحت شہری علاقوں میں گوبر اور عمارتوں کا ملبہ پھینکے والوں کے خلاف مقدمات درج کراے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو مصنوعی مہنگائی،ذخیرہ اندوزی سے بچانے کے لیے گراں فروشوں کے خلاف اقدامات اُٹھائے جائیں۔انہوں نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی سوفیصد وصولی اور ریونیو مقدمات کو تیزی سے نمٹایاجائے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نے تعمیراتی محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کی سکیموں کو اعلی معیار اور مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی نے ضلع کی تعمیرو ترقی اور فلاح وبہبود کے لیے سماجی سہولیات سے متعلقہ مختلف تجاویز پیش کیں جس پر کمشنر نے تمام افسران کو ممبرا ن اسمبلی سے مشاورت اور انہیں آن بورڈ لیتے ہوئے اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔بعد ازاں کمشنر ڈی جی خان نسیم صادق نے ایم سی لیہ کے تحت کوڑا کرکٹ ٹھکا نے لگا نے کے لئے ڈمپنگ پوائنٹ کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ گو بر اور عما رتی ملبہ متعلقہ مالکان کے اٹھا نے کی ذمہ داری ہے اس لئے ایم سی کے تحت ڈمپنگ سائیڈ شہر سے دوراور مستقل بنا ئی جا ئے کیو نکہ اب ایم سی کا کام صرف کو ڑا کرکٹ اور ڈسپوزل ورکس کا ملبہ اٹھا نا ہے۔ اس مو قع پرڈپٹی کمشنر اظفر ضیا ء، اے ڈی سی جی محمد اشفاق سیا ل فوکل پر سن کلین پنجا ب، مہر نو ید گل ہمر اہ تھے۔