لاہور ۔ پنجاب حکومت کا اہم انتظامی عہدوں کی تبدیلی کے بعد بڑا فیصلہ، صوبے کے تمام محکموں اور فیلڈ سے تعلق رکھنے والے افسران کا پرفارمنس آڈٹ کروانے کی منظوری دیدی۔
چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پرفارمنس آڈٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ پرفارمنس آڈٹ کو دیکھتے ہوئے مزید نچلی سطح پر افسران اور ملازمین کو عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بڑے فیصلے ہوئے ہیں جس میں تبدیلی مزید نچلی سطح پر لانے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل کمشنرز اور پٹواریوں کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پنجاب میں ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران تک کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب میں کرپٹ پریکٹس میں ملوث افسران اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بار بار تبدیل ہونے والے ملازمین کو او ایس ڈی بنایا جائے گا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری شوکت علی کو اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران بارے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نچلی سطح تک شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تبادلے کئے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کا کہنا تھا کہ پرفارمنس آڈٹ میں نااہل اور کرپٹ افراد جو کہ فیلڈ میں تعینات ہیں، ان کی نشاندہی ہو سکے گی۔ نچلی سطح پر تبدیلی لانا ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کو با اختیار بنایا گیا ہے۔