لیہ( صبح پا کستان )لیہ تھل میلہ و تھل جیپ ریلی کے انعقاد کے لیے چوبارہ کے ریگزار میں عارضی شہر آباد کرکے ضلع کی عوام کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ ادارے تمام دستیاب وسائل بروے کار لاتے ہوئے مثالی اقدامات اُٹھائیں ۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے چوبارہ میں لیہ تھل میلہ کے پنڈال اور جیپ ریلی ٹریک کے معائنہ کے موقع پر کہی۔اس موقع پرڈی پی او عثمان اعجاز باجوہ،اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ سلیمان احمداور متعلقہ محکموں کے افسران ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تھل میلہ میںمختلف محکموں اور تعلیمی اداروں کے سٹالز منظم طور پر لگائے جائیں اور میلہ میں شرکت کرنے والے مرد و خواتین کے لیے نشستوں کا الگ الگ انتظام کیاجائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی سٹال اور کھانے پینے کی سہولیات کے لیے فوڈ سٹریٹ کا بندوبست بھی کیاجائے ۔ڈی پی اوعثمان اعجاز باجوہ نے کہا کہ لیہ تھل میلہ و تھل جیپ ریلی کے شرکاءکے لیے سیکورٹی ،ٹریفک کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے جس کے لیے پلان ترتیب دے دیاگیا ہے اور پولیس کے موثرگشت کو کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے ٹی ایچ کیو ہسپتال چوبارہ کا اچانک دورہ کیا پی ٹی آئی رہنما چوہدری بشارت رندھاوا اس موقع پر اُن کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈ کا معائنہ اور مریضوں کی خیریت دریافت کی انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ عوام کا سرکاری ہسپتالوں پر اعتماد میں اضافہ ہو ۔