ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن مدثر ریاض ملک کی ,اب چمکے گا ڈیرہ غازیخان , مہم میں شہریوں کا مثبت رد عمل سامنے آنا شروع ہو گیا ہے اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے محلے اور گلیوں کی صفائی شروع کردی ہے ۔
کمشنر مدثر ریاض ملک افسران کے ہمراہ صفائی کرنے والے شہریوں کے پاس چل کر گئے اور انہیں شاباش دی ۔ کمشنر نے کہا کہ خوشی ہوئی ہے کہ عوام میں ذمہ داری اور صفائی کا شعور اجاگر ہورہاہے ۔ حکومت صفائی اور سیوریج کے مسائل کے حل کےلئے تمام ممکنہ وسائل استعمال میں لارہی ہے تاہم سول سوساءٹی کے تعاون سے شہر میں جلد صفائی کی صورتحال بہتر ہوجائے گی ۔
کمشنر نے پرانی غلہ منڈی میں کچرا صاف کرنے والے محمد عدیل ملک،فرید آباد کالونی میں محمد اسماعیل سیال اور خیابان سرور میں قاضی سعد کے پاس جاکر بہتر صفائی کرنے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کی حوصلہ افزائی کی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء،ایمبیسیڈر آف ڈی جی خان کے عہدیدار محبوب حسین، عمران لودھی،حذیفہ قاسمی،محمد نبیل اور دیگر موجود تھے