اسلام آباد ۔ چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب)جاوید اقبال کی زیرصدارت ہونیوالا نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ختم ہوگیا جس دوران سابق اراکین قومی اسمبلی چوہدری محمد منیر، سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایاز خان نیازی ، میاں امتیاز، غلام ربانی کھر،حناربانی کھرکےخلاف انکوائری بندکرنے اور سی ڈی اے افسران کیخلاف تحقیقات کی منظوری دیدی گئی ۔
نیب اعلامیہ کے مطابق پانچ افراد کیخلاف عدم شواہدپرکارروائی بندکرنےکی منظوری دی گئی،این ٹی ڈی سی کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی انکوائری ہو گی اور اس سلسلے میں بورڈ نے تحقیقات کی منظوری دیدی۔ اعلامیہ میں مزید بتایاگیاکہ سابق صوبائی وزیرامانت اللہ خان اوردیگرکےخلاف انکوائری کی بھی منظوری دی گئی ۔اس موقع پر بورڈ نے مجموعی طورپر پانچ انکوائریز کی منظوری دی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہاکہ 23ماہ میں71ارب روپے بدعنوان عناصرسے برآمدکرواکرخزانے میں جمع کروائے،ملک سے بدعنوانی کاخاتمہ اورلوٹی گئی رقوم کی واپسی اولین ترجیح ہے،کرپشن مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچانے کےلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان کاکہناتھاکہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے،میگاکرپشن کے مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچانااولین ترجیح ہے۔