لاہور: سکھ مت کے بانی بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے یاتریوں کو پہلا جتھہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا۔
باباگورونانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے مجموعی طورپر5 ہزارکے قریب یاتریوں کی شرکت متوقع ہے، منگل کے روزڈھائی ہزارسکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے ۔ بھارت کی طرف سے اسپیشل ٹرینیں کوداخلے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے یاتریوں کو پہلی بار پیدل انٹری کا ویزا جاری کیا گیا ہے۔ بھارت سے مزید 2 ہزار یاتریوں کا دوسرا جتھہ بدھ کو پاکستان پہنچے گا۔
واہگہ بارڈر پر بھارتی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پرمتروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹرعامراحمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھرسے آنے والے یاتریوں کو یہاں مکمل سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ان کے لئے رہائش ، خوراک ،میڈیکل، ٹرانسپورٹ اورسیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ سکھ یاتریوں کو یہاں کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہوگی ،پاکستان سکھوں کا دوسراگھرہے۔
بھارت کی شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے وفد کے سربراہ سردارگورمیت سنگھ نے کہا کہ جوکام 72 برسوں میں نہیں ہوسکا تھا پاکستان کے وزیراعظم نے وہ کام چند مہینوں میں کردکھایا ہے۔ یہ جوترقی اورخوشحالی نظرآتی ہے اس پرہمیں خوشی ہے، اپنی آنکھوں پریقین نہیں آرہا ہے کہ اتنے کشیدہ حالات کے باوجود کس طرح پاکستانی بھائی ہمارے استقبال کے لئے موجودہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔
بھارت سے آنے والے مہمانوں میں دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے وفد کی قیادت سردار سربجیت سنگھ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ اپنی خوشی لفظوں میں بیان نہیں کرسکتے، سنکھ سنگتوں کا جس طرح استقبال کیاجارہا ہے اورپاکستان نے جس طرح گوردوارہ کرتارپورصاحب میں کارسیواکی ہے اورراہداری کھولی ہے، بھارت سمیت دنیا بھرمیں بسنے والے سکھ پاکستان کے اس احسان کونہیں بھول سکتے۔
پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردارستونت سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارتی مہمانوں کی خاطرتواضع کے لئے تمام تیاریاں مکمل کررکھی ہیں، انہوں نے بتایا کہ واہگہ بارڈر سے سکھ یاتریوں کو جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچائا جائے گا جہاں دیگر ممالک سے آئے ہوئے مہمان بھی موجود ہیں، سات نومبرکوتقریبا ٖڈھائی ہزارسکھ یاتریوں کو لے کر گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور جائیں گے، جہاں 9 نومبرکو راہداری کھولے جانے کی مرکزی تقریب ہوگی ،اس تقریب میں وزیراعظم عمران خان بھی شریک ہوں گے جبکہ راہداری کے راستے بھارت سے بھی تقریبا ڈھائی سوکے قریب مہمان آئیں گے
سردار ستونت سنگھ نے مزید بتایا کہ 9 نومبر کو کرتارپور سے یاتری واپس جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جہاں 12 نومبر کو جنم دن کی مرکزی تقریب بھوگ اکھنڈپاتھ اورنگرکیرتن ہوگا۔ 13 اور14 نومبرکوبھارتی مہمان واپس لوٹ جائیں گے۔