لیہ( صبح پا کستان ) سرکاری محکموں سے متعلقہ عدالتی معاملات کو سرعت سے نمٹانے کے لیے بھرپور توجہ اور سنجیدگی سے اقدامات اُٹھائے جائیں کیونکہ کسی قسم کا سرکاری نقصان دراصل قومی نقصان ہے جس کے آپ کے ذمہ دار اور امین ہیں ۔ یہ بات ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ملتان ہائی کورٹ محمدرمضان خالد جوئیہ نے سرکاری مقدمات کی پیروی کے اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید ،ایم پی اے شہاب الدین خان سیہڑ ،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ملتان ہائی کورٹ محمدایوب بزدار،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ملتان ہائی کورٹ میاں شاہد ریاض اور ضلع بھر کے تمام سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ محمدرمضان جوئیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کے افسران آرٹیکل 189(ذاتی شنوائی ) ،آرٹیکل 342(ضابطہ فوجداری ) اور آئی سی اے ( انٹرا کورٹ اپیل) ایسے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری اپلائی اور موثر رابطہ کاری کریں تاکہ انہیں جلد نمٹایاجاسکے کیونکہ بکار سرکار تاخیر سے قومی نقصان ہونے کا اندیشہ رہتا ہے اس لیے اس پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے اپنے محکموں سے متعلقہ تمام مقدمات کی پیروی مکمل پیشہ وارانہ ذمہ داری سے سرانجام دیں تاکہ عدالتوں سے مقدمات کے بوجھ کو کم کیا جاسکے اور فوری انصاف کے ذریعے داد رسی یقینی بنائی جائے ۔
اجلاس میں میاں شاہد ریاض و محمدایوب بزدار نے عدالتی معاملات نمٹانے کے مختلف پروسیجر ز ،آرٹیکل ،سٹے آرڈرز کے بارے میں رہنمائی وبریفنگ دی ۔ اجلاس میں ڈی ایف او محمدطارق سنانواں ،پاپولیشن ویلفیئرآفیسر خواجہ محسن رسول ،سی او ضلع کونسل محمدعارف،ڈی او ڈیزاسٹر مینجمنٹ عرفان جنید نیازی ،ڈی ایس پی منور بزدار ،اے سی لیہ کاشف نواز ،کروڑ فاروق احمد،چوبارہ سلیمان احمدنے جلد عدالتی نمٹانے کے بارے میں مختلف سوالات کیے جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جوابات دیے اور رہنمائی کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہاب الدین سیہڑ نے کہا کہ ضلع لیہ کالونی اضلاع میں شامل ہے جس کے ریونیو کیسز کی تعداد زیادہ ہے جنہیں فوری نمٹانے کے لیے باہمی رابطے کو فروغ دیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی فراہم کردہ رہنمائی وبریفنگ کے تحت اپنے اپنے محکموں سے متعلقہ تمام عدالتی مقدمات سرعت سے نمٹانے کے لیے مشاورت ،رابطے ،فوری ریپلائی ،ریکارڈ کی جلد تکمیل و فراہمی کو یقینی بنا کر ضلع کے تمام مقدمات کو جلد نمٹانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔