لاہور ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ کابینہ کی کا رکردگی کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے۔تمام وزارتوں کی کارکردگی کی رپورٹ دیکھی جاتی ہے۔
اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضرورت محسوس ہوئی تووزارتوں میں ردوبدل کیاجاسکتا ہے۔ یہ وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے۔ جو کام کرے گا رہے گا،جو کام نہیں کرے گا وہ نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ دوبارہ آو¿ں گا،تمام مسائل تفصیل سے سنوں گا اورحل کیلئے اقدامات کریں گے۔اوکاڑہ میں ٹراما سنٹر کے قیام کا مطالبہ پورا کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ملتان سے لاہورواپس آتے ہوئے میاں چنوں،ساہیوال اوراوکاڑہ کے اچانک دورے کئے۔وزیراعلیٰ نے صفائی کے انتظامات،امن وامان کی صورتحال اورانسدادڈینگی کے لئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ ملتان سے لاہورواپس آتے ہوئے پہلے میاں چنوں پہنچے۔وزیراعلیٰ نے شہر کی عمومی صورتحا ل اورٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے میاں چنوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔میاں چنوں کے شہری وزیراعلیٰ کی اچانک آمد پر حیران رہ گئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں صفائی اوردیگرانتظامی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔شہریوں کی آمدو رفت میں آسانی کیلئے ٹریفک کے امور کو بہتر بنایا جائے۔بعدازاں عثمان بزدارساہیوال پہنچے۔وزیراعلیٰ نے شہر میں صفائی اوردیگر امور کا جائزہ لیا، ساہیوال شہر میں پی ایچ اے کی سرگرمیوں کا بھی جائز ہ لیا۔انہوں نے پی ایچ اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔سرکٹ ہاو¿س ساہیوال میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ کو ساہیوال میں ڈینگی کنٹرول اورصحت سے متعلق دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی پر مکمل کنٹرول کرنے کیلئے عملہ ہر وقت مستعد اورچوکس رہے ،کوتاہی برداشت نہیں۔آر پی او ساہیوال ڈویڑن اورڈی پی او نے وزیراعلیٰ کو ڈویڑن میں امن وامان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو جرائم کے بارے میں نوٹالرنس کا رویہ اپنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری ہر حال میں پوری کی جائے۔پولیس کو جرائم پر کنٹرول کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔شہروں کے اچانک دورے کرکے امن وامان،صفائی،ٹریفک مینجمنٹ اوردیگر امورکا جائزہ لیتا رہوں گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے حقیقی مسائل سے آگاہی کیلئے فیلڈ کے دورے جاری رہیں گے۔ پولیس اورانتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے کسی بھی شہر میں جاسکتا ہوں۔