راجن پور( صبح پا کستان )سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل راجن پور عبدالصبور سکھیرا کے مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل راجن پورکے چند ملازمین نے سوشل میڈیا پر شر انگیز ،غیر اخلاقی الفاظ اور انتہائی غلیظ ذہنیت کا استعمال کرتے ہوئے محکمہ کے افسران پر انتہائی برے انداز میں کیچڑ اچھالا اور ان کے نازیبا الفاظ کی وجہ سے محکمہ کی ساکھ اور افسران کی نیک نامی پر مختلف الفاظ استعمال کرتے ہوئے رائے زنی کی ہے اور دیگر ملازمین کو غیر ذمہ دارانہ اور کینہ سے بھر پور ذہنیت کی عکاسی کرتے ہوئے علی الاعلان بغاوت پر اکسایا ۔ جس میں ڈسٹرکٹ جیل کے دو وارڈن محمد اسحاق نمبر 5865اور امان اللہ وارڈ نمبر 5710ملوث پائے گئے ہیں ۔ جن کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے شوکاز نوٹس بمطابق قانون جاری کئے گئے ہیں ۔ اور ان کے خلاف قانونی دفعات کے تحت فوجداری مقدمات کا بھی اندراج متعلقہ تھانے میں کرا دیا گیا ہے تاکہ ایسے شر پسند عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے ۔ اور مستقبل میں ایسی کسی صورتحال سے بچا جاسکے ۔