اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر شائع نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (مانیٹرننگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر شائع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ فیصلہ وزارت قانون سے قانونی رائے لینے کے بعد کیا گیا۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق پانامہ لیکس کے آفٹر شاکس یا کوئی اور منطق، الیکشن کمیشن نے عوامی نمائندوں کے اثاثے عوام ہی سے چھپانے کا فیصلہ کرلیا۔ سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر شائع نہیں کی جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر شائع نہ کرنے کے حوالے سے وزارت قانون سے بھی قانونی رائے مانگی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی گزشتہ دو برسوں سے یہ پریکٹس تھی کی ارکان پارلیمنٹ کے اثاثہ جات کی تفصیلات، گزٹ نوٹیفیکیشن کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی ڈالی جارہی تھیں جس کا عوامی اور جمہوری حلقوں نے خیر مقدم کیا تھا۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بغیر کسی وجہ کے الیکشن کمیشن نے اچانک ہی یہ پریکٹس روکنے کا فیصلہ کیا اور اب اراکین پارلیمنٹ کی اثاثوں کی تفصیلات صرف گزٹ آف پاکستان میں شائع کی جائیں گے۔ عوام اثاثوں کی تفصیلات کی کتب الیکشن کمیشن سے خرید کر سکیں گے۔