لیہ( صبح پا کستان ) کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل اور ولولہ انگیز جدوجہد کامیاب و کامران ہوگی ۔ پاکستانی عوام کی کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کے ساتھ کامل سیاسی ،اخلاقی اورسفارتی وابستگی ان کی آزادی تک ساتھ رہے گی ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایم سی ہائی سکول ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ سیمینار کی صدارت صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سردار شہاب الدین خان سیہڑ نے کی ۔
سیمینار میں اے ڈی سی آر فیاض ندیم، ڈی ایم او;اے ڈی سی جی ڈاکٹر فیاض علی جتالہ،سی ای او تعلیم محمود حسین ملک،سی ای اوصحت ڈاکٹر امیرعبداللہ سامٹیہ،اے سی لیہ کاشف نواز،ایم ایس ڈاکٹر عتیق الرحمان،ڈی ڈی تعلیم توکل حسین ،پرنسپل مہرا ختر وہاب ،سینئرہیڈ مسٹریس شاہینہ فرید ملغانی،سرکاری افسران اورطلباو طالبات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے موضوع پر تقاریر کیں اردوو کشمیری زبان میں ملی نغمے پیش کیے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرذیشان جاویدنے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے علاقائی و عالمی فورم میں موثر طور پر اجاگر کررہی ہے جبکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی محور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کو یقینی بنانا ہے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ کشمیر کی سرزمین زعفران، وادی چنار کے نام سے جانی جاتی تھی مگر آج کا کشمیر غاصبانہ فوجوں کی آماجگاہ بن کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بہادرانہ اور ولولہ انگیز جدوجہد ، غاصبانہ تسلط کے خاتمے پر منتج ہوگی اور کشمیریوں کی اس جائز جدوجہد کی کامیابی و کامرانی کیلئے پاکستانی عوام سیاسی و سفارتی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر بھی یکجہتی کشمیر کے لیے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کے لیے تقریبات ہوں گی ۔ سیمینار سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری شہاب الدین خان سیہڑ ،سینئرصحافی انجم صحرائی ،نزہت یاسمین ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے پاکستانی عوام اور کشمیری یک جان دو قالب ہیں جبکہ پاکستانی و کشمیری یکساں مذہبی ، تہذیبی ، ثقافتی ، تاریخی ورثہ کے امین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے 1948ء سے غاصبانہ قبضے اور ناجائز تسلط کیخلاف جو شاندار تاریخ رقم کی ہے وہ اس امر کی غماز ہے کہ کشمیری جلد حق خود ارادیت کی منزل پالیں گے ۔ مقررین نے اس عزم مصمم کا اظہار کیا کہ کشمیر جلد پاکستان کا حصہ بنے گا ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے سیمینار میں تقاریر اور ملی نغمے پیش کرنے والے بچوں کو شاباش دی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں اپنی گاڑی پر گھروں تک پہنچایا ۔
سیمینار سے قبل کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید اور ایم پی اے شہاب الدین خان سیہڑ نے کی ۔ اس موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے لیہ کی عوام سڑکوں پر امڈ آئی ۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام گھوڑا چوک سے نکالی جانے والی یکجہتی ریلی میں افسران ،سرکاری ملازمین ،وکلاء،ڈاکٹرز ،تاجر نمائندوں ،ذراءع ابلاغ کے نمائندگان اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی میں شرکاء نے کشمیریوں کی جہدآزادی اور انڈیا کے مظالم کے خلاف درج نعروں پر مشتمل بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ شرکاء ریلی کی انڈیا کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بم کے استعمال اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ ریلی میں خواتین نے بھی شرکت کی ۔ شرکاء ریلی کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لئے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے ۔ اس موقع پر مقررین نے کشمیری عوام کی بھر پور اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا ۔ ریلی ٹی ڈی اے چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ اسی طرح چوبارہ میں اے سی چوبارہ سلمان احمد کی قیادت میں ،اے سی کروڑ فاروق احمدکی قیادت میں ریلیاں منعقدہوئی اور سیمینار کا انعقاد کیاگیا جبکہ گورنمنٹ کالج چوبارہ ،گورنمنٹ کالج کروڑاور گورنمنٹ پوسٹ گرایجویٹ کالج لیہ میں بھی سیمینار اور ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پرنسپل مہراختر وہاب نے کی ۔
یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ضلع لیہ کے کروڑ اور چو بارہ سمیت دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینار ز منعقد ہو ئے