اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن کے خط کا جواب دیتے ہوئے اس کے تحفظات کو مسترد کردیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 23 جولائی منگل کو شام تین بجے ایوان بالا کا اجلاس طلب کرلیا۔
صادق سنجرانی نے اپوزیشن کے 7 پارلیمانی رہنماوٴں کو تین صفحات پر مشتمل خط بھی لکھا جس میں کہا گیا کہ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کے لیے وزارتِ پارلیمانی امور کو خط لکھ چکا ہوں اور ریکوزیشن اجلاس سے متعلق 2016 کی رولنگ واضح ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں اپنی ذات کی جنگ نہیں لڑ رہا بلکہ ایوان کے تقدس کے لیے لڑ رہا ہوں اور قرارداد کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی ہے جس کے بعد تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں نے پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف قرارداد جمع کرادی۔