گوادر ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ گوادر پی سی ہوٹل پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید ہوا ہے۔ دہشتگردوں کو اوپر کی منزل پر جانے والی سیڑھیوں پر محصور کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی سی ہوٹل گوادر میں تین دہشتگردوں نے داخل ہونے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی گارڈز نے انہیں داخلی راستے پر روک لیا۔ دہشتگردوں اور سکیورٹی گارڈز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران ایک سکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے کے بعد پی سی ہوٹل گوادر میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کرکلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پی سی ہوٹل میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کو ٹاپ فلور پر جانے والی سیڑھیوں پر محصور کرلیا ہے۔
پی سی ہوٹل میں دھماکہ اور فائرنگ کی آوازیں
گوادر۔ مستقبل میں پاکستان کا اکنامک حب سمجھے جانے والے گوادر میں دہشت گردوں نے فائیو سٹارہوٹل پر حملہ کردیا ہے ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق گوادر کے فائیو سٹار ہوٹل پی سی میں تین مسلح افراد داخل ہوئے ہیں جس کے بعد ہوٹل میں دھماکے کے آواز سنی گئی ہے جبکہ ہوٹل میں وقفے قفے سے فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔مقامی پولیس اور ایف سی نے ہوٹل کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ علاقے کوبھی سیل کردیا گیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ہوٹل میں عملہ اور مہمان موجود ہیں تاہم ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیںہوئی ہے ۔
دوسری جانب ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات ظہور بلیدی کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں پانچ دہشت گرد داخل ہوئے ہیں ۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اندر 40 چینی شہری موجود ہیں۔