ورلڈ ٹی بی ڈے ، محکمہ صحت لیہ کی آگاہی واک، سیمینار
لیہ(صبح پا کستان )ورلڈ ٹی بی ڈے، محکمہ صحت لیہ کی آگاہی واک، سیمینار کا انعقاد، ٹی بی قابل علاج بیماری ہے، ادویات با آسانی اور مفت دستیاب ہیں: مقررین، تفصیل کے مطابق ورلڈ ٹی بی ڈے کے موقع پر ای ڈی او صحت آفس لیہ سے کچہری چوک تک ٹی بی سے متعلق آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ای ڈی او ہیلتھ لیہ ڈاکٹر امیر عبداللہ نے کی جبکہ سابق ای ڈی او صحت ڈاکٹر خالد نعیم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے ٹی بی آگاہی سے متعلق بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ بعد ازاں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ای ڈی او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے کہا کہ ٹی بی قابل علاج بیماری ہے ۔ ٹی بی سے گھبرانے کی نہیں بلکہ لڑنے کی ضرورت ہے۔ ٹی بی کی ادویات با آسانی کسی بھی قریبی مرکز صحت، سرکاری ہسپتال یا ٹی بی سنٹر سے مفت حاصل کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے ٹی بی کنٹرول پروگرام میں پیر امیڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کی خدمات کا سراہا۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر محمد اقبال بھٹی نے کہا کہ ٹی بی ایسے جراثیم سے پھیلنے والی بیماری ہہے جو عموماً پھیپھڑوں کو متاثر کرتے ہیں لیکن جسم کے دوسرے حصے بھی اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ ٹی بی کا مرض کھانسنے، چھینکنے، تھوکنے سے ایک مریض سے دوسرے شخص کو سانس کے ذریعے منتقل ہو جاتا ہے۔ تین ہفتے سے زائد کی کھانسی، بلکا بخار اور پسینہ، بھوک کا نا لگنا اور وزن کا کم ہونا، بلغم میں خون آنا ٹی بی کی علامات ہیں ان علامات پر فوری طور پر قریبی مرکز صحت، سرکاری ہسپتال یا ٹی بی سنٹر سے رجوع کریں اور ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق بلغم کا معائنہ کروائیں۔ ڈسٹرکٹ لیب سپروائزر چوہدری ارشاد احمد گجر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال، پانچ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں ، 39 بنیادی مرکز صحت پر ٹی بی کی تشخیص کی سہولت دستیاب ہے۔ ٹی بی کی علامات پر فوری ان تشخیصی مراکز صحت سے رجوع کریں۔ سیمینار کے دوران شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے۔
رپورٹ ۔ مہر سرفراز واندر پریس رپورٹر