ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان).ضلع ڈیرہ غازیخان میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی پرعدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے 18پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو وضاحت کیلئے 11اپریل کو ڈپٹی کمشنر آفس میں دس بجے دن طلب کر لیاگیا. ایک ماہ میں پانچ ہزار روپے سے کم جرمانہ کرنے والے آٹھ پرائس مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹسز جبکہ بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر تین مجسٹریٹس طارق شمسی ، اصغر صدیقی اور اسسٹنٹ کمشنر تونسہ نوید حسین کو تعریفی اسناد دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے . اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر میاں محمد اقبال مظہرمہار کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس میں کیاگیا . ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ شہر اور قصبات میں سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلیں بھاری جرمانوں کے ساتھ مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں انہوں نے کہاکہ 40روز کے دوران ضلع میں چار لاکھ روپے کے قریب جرمانہ اور 31مقدمات کا اندراج کیاگیا . مارچ میں اٹھائیس مجسٹریٹ نے تین لاکھ چھ ہزار روپے سے زائد جرمانہ کیا اٹھائیس مقدمات درج کرکے پانچ دکاندار گرفتار کئے گئے اور یکم اپریل سے 9اپریل تک 27مجسٹریٹس نے 95900روپے جرمانہ اور صرف تین مقدمات درج کرائے . علاوہ ازیں رمضان بازار سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں چار رمضان بازار قائم کئے جائیں گے 25 شعبان المعظم سے بغیر کسی وقفہ اور اتوار کی چھٹی سے صبح نو سے چھ بجے تک عوام کو معیاری اشیاء مارکیٹ سے کم اور پندرہ اشیاء ہول سیل نرخ پر دستیاب ہوں گی۔ڈپٹی کمشنر میاں محمد اقبال مظہر مہار نے اجلاس منعقد کرکے انتظامات کو حتمی شکل دی چیمبر آف کامرس اور تاجر تنظیموں کے نمائندے شریک تھے ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ماڈل بازار،چوک چورہٹہ،کوٹ چھٹہ اور تونسہ میں رمضان بازار قائم ہوں گے۔جہاں معیاری اشیاء خوردونوش مارکیٹ سے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے.