ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)۔ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام "جنوبی پنجاب کی آواز” کی تلاش کا کارواں ڈیرہ غازی خان پہنچ گیا۔ ڈیرہ غازی خان آرٹس کونسل میں ابتدائی آڈیشنز کا دوسرا مرحلہ منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر سے 32 فنکاروں نے گائیکی کا مظاہرہ کیااورسر، ردھم ، خوداعتمادی ، ادائیگی ، تلفظ سمیت دیگر حوالوں سے جانچتے ہوئے پہلی دس بہترین آوازوں کو منتخب کیاگیا۔ منصفین استاد صغیر احمد، عارف خان بابر اور امبر آفتاب کے فیصلے کے مطابق محمد نبیل، محمد اویس، زبیر احمد، وقار علی، علی حیدر عباس، غلام مصطفی کھنڈ، مرید حسین، روش رباب اور زاہد مستوئی نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیاہے۔ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سجاد جہانیہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کی جنوبی پنجاب کے تین ڈویژنوں ڈیرہ غازیخان ، ملتان اور بہاولپور سے منتخب شدہ دس دس آوازوں کے درمیان سیمی فائنل 6 اپریل کو ملتان آرٹس کونسل میں منعقد ہوگا جن میں سے دس آوازوں کو فائنل کے لئے منتخب کیا جائے گااور فائنل 12 اپریل کو ملتان آرٹس کونسل میں منعقد ہو گا۔ مقابلہ جیتنے پر پہلا انعام ایک لاکھ روپے کے ساتھ فائنل تک پہنچنے والے تمام دس شرکا کے لئے انعامات رکھے گئے ہیں .