راجن پور (صبح پا کستان) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کی بیڈ گورننس اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک مہنگائی، غربت، بے روز گاری اور معاشی ابتری کا شکار ہوا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بجلی، پانی، زراعت، صنعت و تجارت اور صحت کے علاوہ تمام شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے لیے پالیسی مرتب کر چکی ہے اورہماری حکومت ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل اور عوامی معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے نیک نیتی اور خلوصِ دل کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔جس کے خاطر خواہ ثمرات آنا شروع ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے حوالے سے جاری بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب جنوبی پنجاب کے عوام کی بہتری اور خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے وعدوں کے مطابق جنوبی پنجاب میں عوام کو تعلیم، صحت اور زراعت سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے لاتعداد منصوبوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان جنوبی پنجاب میں خود جا کر انصاف صحت کارڈ کا اجراء کر چکے ہیں اور حال ہی میں جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں 5ہسپتالوں کی منظوری جنوبی پنجاب کی ترقی کی جانب بہت بڑی پیش رفت ہے اور جنوبی پنجاب سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ معیشت پر سیاست نہ کرے بلکہ حکومت کے معاشی پلان پر بے جا تنقید کی بجائے معیشت کے حوالے سے اپنا موقف پیش کرے،حکومت خیر مقدم کرے گی۔