لاہور : پنجاب اسمبلی ارکان کی تنخواہ اورمراعات 83ہزار سےبڑھا کر 2لاکھ کرنے کی تجویز دےدی ، اس وقت ارکان اسمبلی 83ہزار روپے ماہانہ تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی ارکان کی تنخواہوں میں اضافےکا بل منظوری کیلئے آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے۔
بل میں ارکان کی تنخواہ اور مراعات 83ہزار سے بڑھا کر 2لاکھ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ڈیلی الاؤنس ایک ہزارسے4 ہزار ، ہاؤس رینٹ 29 سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی تجویز کیا گیا ہے۔
بل میں یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے اور مہمان نوازی کا ماہانہ الاؤنس 10 ہزار سےبڑھا کر 20ہزار روپے کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔
بل منظوری کے بعد ارکان اسمبلی کوایک لاکھ 92ہزارتنخواہ اور مراعات ملیں گی جبکہ اس وقت ارکان اسمبلی 83 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں۔
پنجاب عوامی نمائندگان ترمیمی بل 2019 پنجاب اسمبلی میں پیش
دوسری جانب پنجاب عوامی نمائندگان ترمیمی بل 2019 پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا ، بل تحریک انصاف کے رکن غضنفر عباس چھینہ نے پیش کیا، جس کے بعد بل مزید غور کےلیےقائمہ کمیٹی برائے قانون کے سپرد کردیا گیا ہے۔
یاد رہے جنوری میں ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے پرائیویٹ بل اسمبلی میں جمع کرایا گیا تھا ، جس میں بنیادی تنخواہ میں اضافے سمیت 6 مراعات میں اضافے کی تجویز کی گئی تھی۔
بل میں بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے، ڈیلی الاؤنس 1 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار روپے، کنوینس الاؤنس 6 سو روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
اس کے علاوہ اس بل میں ایڈیشنل ٹریولنگ الاؤنس 1 لاکھ 20 ہزار سالانہ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے سالانہ، ہاؤس رینٹ 29 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 50 ہزار روپے، یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کرنے کی تجویز کی گئی تھی۔