حمد آباد: بھارتی جیل میں قید مزید 2 پاکستانی شہری نامناسب سہولیات اور طبی امداد کی عدم فراہمی کے باعث انتقال کر گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نام نہاد سیکولر ریاست کے دعویدار اور انسانی حقوق کے خود ساختہ داعی بھارت کی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ دو مزید پاکستانی شہری محمد امجد اور امین افضل بھارتی قید میں دم توڑ گئے۔
دونوں پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے پر بھارت نے قید کر رکھا تھا، جہاں طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے۔ احمد آباد جیل میں قید پاکستانی ماہی گیر امین افضل ڈیڑھ سال سے قید تھا۔
گزشتہ روز امرتسر جیل میں بھی پاکستانی قیدی بیماری کی وجہ سے انتقال کر گیا تھا، ذہنی توازن درست نہ ہونے کے باعث 62 سالہ امجد کے اہل خانہ کا سراغ نہ لگ سکا تھا۔ اس طرح محض 2 دنوں میں بھارتی جیل میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی قیدیوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد جے پور جیل میں مشتعل بھارتی قیدیوں نے پاکستانی قیدی شاکر اللہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں شاکر اللہ کی موت واقع ہوگئی تھی جب کہ پوسٹ مارٹم کے نام پر میت کے جسم سے اہم اعضاء بھی نکال لیے گئے تھے۔