راجن پور( صبح پا کستان )محکمہ تعلیم کی کارکردگی بہتر نہ ہونے پر ڈپٹی کمشنر راجن پور کا اظہار برہمی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم زنانہ تحصیل جام پور اور تحصیل روجھان سمیت 10 اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کی ناقص کارکردگی پر جواب طلبی۔ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ جن افسران کی کارکردگی ٹھیک نہیں ہو گی اس کو محکمہ میں رہنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اچھی اور بہتر کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم مہر آفتاب، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اسد علی ،ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم سکینڈری احسان اللہ گورمانی، ڈپٹی ڈی اوز تعلیم، ڈیٹا آفیسر سلطان خان دریشک اور ضلع بھر کے اے ای اوز نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اساتذہ کرام اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور گورنمنٹ کی پالیسی کے مطابق ٹارگٹ کو پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تعلیم کے معیار اور کوالٹی کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ تمام افسران اپنے وزٹ بڑھائیں اور کارکردگی کو بہتر کریں۔ مزید انہوں نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہی تبدیلی لائی جاسکتی ہے اور معاشرے میں ترقی تعلیم سے ہی ممکن ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو محکمہ تعلیم کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی۔