لیہ (صبح پا کستان)ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے کہا ہے کہ کرسمس کے تہوار پرمسیحی برادری کو فول پروف سیکورٹی کرنے اورسبسڈائز نرخو ں پر اشیا ء خورد نوش کی فراہمی کے لیے کرسمس بازاروں کاقیام تہوار کو بہتر انداز میں منانے کے لیے کیاجارہا ہے ۔یہ بات انہوں نے کمیٹی روم میں کرسمس کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اے ڈی سی آر فخرالاسلام ڈوگر ،اے سی لیہ کاشف نواز ،اے سی چوبارہ احمد فراز اعوان،ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹر محمدطارق،ڈی ا و انڈسٹری محمد عبداللہ،صدرانجمن تاجران مظفراقبال دھول،صدرانجمن کروڑ مظفر اقبال دھول،انچارج سیکورٹی برانچ مزمل حسین اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مسیحی برادری کے تہوار پر سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے جائیں اور تین روز کرسمس بازار کے قیام کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے و تعاون سے خدما ت سرانجام دیں ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لیہ اور چک نمبر 270ٹی ڈی اے میں کرسمس بازار لگائے جائیں گے جن میں آٹا ،گوشت ،پھل ،سبزیاں،کریانہ کے سٹال اور ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی معیاری کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل سٹالز،میڈیکل کیمپ،پارکنگ کے وسیع انتظامات اور سوشل ویلفیئرکے تحت دستکاری ،ہینڈی کرافٹ اور ثقافتی سٹالز لگائے جائیں گے۔اسی طرح ٹریفک پلان ،میٹل ڈیکیٹر،واک تھروگیٹس،سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور مانیٹرنگ کے لیے مرکزی کنٹرول روم کام کرے گا۔