لیہ(صبح پا کستان)سرکل آفیسر انٹی کرپشن غلام رسول نے فراڈ ،جعل سازی کے ذریعے کروڑ وں روپے مالیت کی جائیداد ہتھیانے ،رہائشی احاطہ جعل سازی سے منتقل کرانے کے الزام میں تین مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔تفصیل کے مطابق سرکل آفیسر ملک غلام رسول نے مدعی غلام فرید کی درخواست پر فوت شدہ نورجہاں عرف نور مائی کو زندہ ظاہرکرکے جعلی انگوٹھا ثبت کراتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی اراضی تبادلہ کے ذریعے منتقل کرانے پر احمد بخش پٹواری ،غلام حیدر تھند،غلام فرید تھند،افتخار احمد تھند،زبیدہ انجم دختر غلام حیدر تھند،مسمات ظہراں مائی،نسیم بی بی،شمیم بی بی،حفیظ بی بی دختران غلام رسول تھند کے خلاف زیر دفعہ 419،420،468،471پی پی سی اور 5/2/47پی سی اے کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔اسی طرح مدعی نسیم بی بی زوجہ محمد یار کی درخواست پر جس میں موضع تھند کلاں نشیب میں 130کنال تین کروڑ روپے مالیتی زرعی اراضی جعلی انگوٹھا ثبت کرکے اپنے بیٹے کے نام منتقل کرانے کے الزام میں محکمہ انٹی کرپشن نے تحقیقات کے بعد پٹواری محمد اقبال سہیڑ ،غلام فرید تھند،منظور حسین اور محمد رمضان کے خلاف زیر دفعہ 419،420،468،471پی پی سی اور 5/2/47پی سی اے کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔دونوں مقدمات میں تحصیلداروں مصطفی کریم اور منظور احمد خان کے ملوث ہونے کا تعین بعدازتفصیلی تحقیقات کیاجائیگا۔اسی طرح مسمات بشری کی درخواست پر جس میں چک نمبر 138ٹی ڈی اے میں اس کے احاطے کو جعلی اشٹام دستاویز تیار کرکے منتقل کرنے پر زیردفعہ 419،420،468،471پی پی سی اور 5/2/47پی سی اے کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم محمد اکرم کو گرفتار کرلیا۔