ملتان ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اے پی سی بلانے کاایجنڈامیری سمجھ سے بالاترہے،سندھ میں گورنر راج کی باتیں من گھڑت ہیں،سندھ میں کوئی گورنر راج نہیں لگے گا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ پاکستان کے مسائل 60 روزمیں پیدانہیں ہوئے، مسائل ہماری حکومت آنے سے پہلے کے ہیں،عوام جانتے ہیں ان مسائل کاذمہ دارکون ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اے پی سی بلانے کاایجنڈا میری سمجھ سے بالاترہے،اے پی سی بامقصدہونی چاہیے نہ کہ اپنے بچاؤکیلئے۔
شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ احتساب کے ادارے کسی حکومت کے تابع نہیں ہیں،کسی فردکی خواہش پرکوئی گرفتارہوسکتاہے نہ رہا،خواہش ہے کہ احتساب کا عمل جاری رہنا چاہیے،وزیر خارجہ نے کہا کہ زرداری صاحب بھی جانتے ہیں حکومت کاکسی پرکوئی زورنہیں،
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ ضرورت ہے جس سے انکار نہیں کیاجاسکتا، جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق کمیٹی قائم کردی گئی ہے، مشاورت کے بغیر کوئی بڑا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا،صوبہ جنوبی پنجاب کیلئے دوتہائی اکثریت کیلئے اپوزیشن کاساتھ چاہیے،ان کا کہناتھا کہ عوام کے مسائل کاحل پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح ہے۔