اسلام آباد: جنرل الیکشن سے متعلق فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات 2013ء کے الیکشن سے بہتر ہیں، حالیہ انتخابات پرامن اور شفاف رہے۔
عام انتخابات 2018ء سے متعلق فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کے چیئرمین سرور باری نے رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق انتخابات میں 49.48 ملین ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا جب کہ ٹرن آؤٹ 50.3 فیصد رہا۔ مجموعی طور پر 58.3 فیصد مرد ووٹرز اور 47 فیصد خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اورقومی اسمبلی کے 35 حلقوں میں جیتنے اور ہارنے والے امیدواروں کے ووٹوں کا فرق مسترد شدہ ووٹوں سے کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ٹرن آؤٹ 59 فیصد اور اسلام آباد میں 58.2 فیصد رہا، سندھ میں ٹرن آؤٹ 47.7 فیصد اور خیبر پختوانخوا میں 43.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا اور بلوچستان میں ٹرن آؤٹ 39.6 فیصد رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فارم 45 والے واقعات کچھ پولنگ اسٹیشنز پر پیش آئے، اکثریت پولنگ اسٹیشنز پر فارم 45 دیئے گئے جب کہ تاخیر سے نتائج کے اعلان کےعلاوہ کوئی قابل ذکر واقعہ سامنے نہیں آیا۔
فافن کے مطابق فوجی اہلکاروں کی تعیناتی پر کچھ جماعتوں کو تحفظات تھے مگر الیکشن پُرامن ماحول میں ہوئے اور پولنگ اسٹیشن کے باہر طویل قطاریں ثابت کرتی ہیں کہ لوگوں کا الیکشن عمل پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔