چوک اعظم(صبح پا کستان ) لیہ میں ایم ایم اے اور ن لیگ کا اتحاد ٹوٹنے کا خطرہ ۔دونوں طرف سے امیدواران باغی ہو گئے ۔ایم ایم اے کے امیدواران کی ایک دوسرے کے خلاف پریس کانفرنسز۔تفصیل کے مطابق لیہ میں گزشتہ دنوں ن لیگ اور ایم ایم اے کے امیدواران کے درمیان لوکل ایڈجسٹمنٹ کے تحت قائم ہونے والا اتحاد ایک ہفتے کے بعد بغاوت کا شکار ہو گیا ہے ۔ایم ایم اے کے امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری اصغر علی گجر کے ن لیگ کے ساتھ اتحاد کرنے پر ایم ایم اے کے امیدوا ر قومی اسمبلی اور جے یوپی کے کوٹے سے ٹکٹ ہولڈر مہر بلا ل کلاسرہ اور چوک اعظم میں صوبائی اسمبلی کے امیدوار الطاف نورانی نے پریس کانفرنس میں اس قائم ہونے والے اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جماعت اسلامی کے کوٹے سے ایم ایم اے کے صوبائی اسمبلی حلقہ لیہ کے ٹکٹ ہولڈر اصغر علی گجر نے ذاتی مفاد کے لیے یہ اتحاد کر کے ایم ایم اے کے ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے کہا اتحاد میں شامل ن لیگ کے امیدوار قومی اسمبلی سید ثقلین شاہ کا وہ سخت مقابلہ کریں گے اورچوک اعظم میں الطاف نورانی ن لیگ کے ملک ریاض گرواں کا مقابلہ کریں گے ۔اسی طرح ن لیگ لیہ کے کارکنان نے بھی ن لیگ کے ایم ایم اے کے ساتھ اس لوکل اتحاد کو مسترد کرتے ہوئے سابق ضلعی صدر ن لیگ عابد انوار علوی کی کمپئین چلانے کا اعلان کیا ہے ۔
اسی طرح لوکل اتحاد میں شامل ایم ایم اے کے صوبائی امیدوار چوہدری اصغر علی گجر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیج پر ویڈیو پیغام دیا ہے کہ ایم ایم اے کے ووٹرز اور کارکنان لوکل اتحاد کے تحت ن لیگ کے امیدوار قومی اسمبلی سید ثقلین شاہ کی کمپئین چلائیں انہوں نے کہا کہ مہر بلال کلاسر ہ ایم ایم اے کے ٹکٹ ہولڈر نہیں ہیں ۔
اس صورت حال کے بعد ایم ایم اے اور ن لیگ کے درمیان قائم ہونے والا لوکل اتحاد خطرے میں پڑ گیا ہے ۔سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق دونوں طرف سے ہونے والی بغاوت اس اتحاد کو سخت نقصان پہنچائے گی ۔