لیہ (صبح پا کستان )لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے بعد بجلی کی تمام تنصیبات کی ضروری مرمت و دیکھ بھال صارفین کو بلاروکاوٹ بجلی کی فراہمی کے لیے اشد ضروری ہے جس کے لیے حکومت مختلف گرڈ اسٹیشن کی اپگریڈیشن اور لائنو ں کی مرمت پر کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے اس لیے تین کروڑ روپے کی لاگت سے لیہ گرڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن ،دو نئے فیڈرزکا قیام یقیناصارفین کو مستفید کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔یہ بات ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری نے دو نئے فیڈرز شیخ جلا ل الدین اور شاہ حبیب کے افتتاح کے موقع پر کہی۔اس موقع پر چیئرمین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمد ،کونسلرز عابد انوار علوی ،ملک فاروق ،علی رضا شاہ ،ناصر اقبال ،ثناء اللہ خٹک و معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجو دتھی۔ایکسین واپڈا ملک نعیم سامیٹہ نے بتایا کہ لیہ شہر کو چار فیڈر میں تقسیم کرکے بجلی کی بہتر ترسیل اور وولٹیج کی کمی کا خاتمہ کرتے ہوئے چالو کیے گئے ہیں اور تین کروڑ روپے کی لاگت سے گرڈ کی اپ گریڈیشن کرتے ہوئے دو نئے فیڈرز شیخ جلال الدین اور شاہ حبیب چلائے جارہے ہیں۔قبل ازیں ایم این اے اور چیئرمین ایم سی حافظ جمیل احمد نے فیتہ کاٹ کر نئے فیڈر کا افتتاح کیا۔