کوٹ سلطان ( صبح پا کستان ) پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف تاجر سڑکوں پر نکل آئے،ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ، ایک ہفتے میں مطالبات پورے نہ ہونے پر شٹرڈاؤن ہٹرتال کی دھمکی دے دی۔پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف گزشتہ روز کوٹ سلطان کے تاجروں نے احتجاجا دوکانیں بند رکھ کر احتجاج کیا۔ تاجروں نے ٹیکس کے نفاذ کے خلاف پیر جگی چوک سے مین اڈہ تک احتجاجی ریلی بھی نکالی جس میں سینکڑوں تاجر شریک ہوئے۔ ریلی مین چوک پر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وکیل و سیاسی رہنما خالد بزمی نے کہا کہ کوٹ سلطان نہ میونسپل کمیٹی ہے نہ تحصیل یہاں پراپرٹی ٹیکس کا نفاذ غیر منصفانہ اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ ایکسائز نے ٹیکس واپس نہ لیا تو احتجاج کا سلسلہ بڑھا دیں گے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین یونین کونسل کوٹ سلطان سٹی جانی خان تنگوانی نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کوٹ سلطان میں بلاجواز پراپرٹی ٹیکس نافذ کر کے ظلم کر رہا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، قاسم تنگوانی نے کہا کہ ہمار ا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہم پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اب نئے ٹیکس نافذنہ کئے جائیں۔ تاجروں کے احتجاج سے سید عابد حسین فاروقی، مہر زاہد واندر نے بھی خطاب کیا اور ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظا ہرین نے مطالبہ کیا کہ ٹیکس فوری واپس لیا جائے،ورنہ احتجاج جاری رہے گی۔تاجروں کے احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں اور لیہ کوٹ ادو روڈ مکمل بند رہا۔