لیہ (صبح پا کستان ) قدرتی آفات سے بطریق احسن نمٹنے اور اداروں کی کارکردگی جانچنے و استعداد کار میں اضافہ کے لیے موک ایکسرسائز کلیدی اہمیت کی حامل ہیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے دریائی پتن کنجال پر ریسکیو 1122کی پری فلڈ موک ایکسرسائز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر اے ڈی سی آر امجد سلیم سرگانہ ،اے سی کروڑ احمدفراز اعوان ،ڈی ایم او مظفر مختار ،ڈی ایچ او ڈاکٹر بشیر احمد سمرا،ڈی ایس پی طاہر گیلانی،ایس ایچ او اصغر اقبال،ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس اب نواز گرمانی ،ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر شعیب رمضان ،ایس ڈی اوانہار محمد نواز بھٹی ،سی ڈی سی آفیسر حنیف محسن ،ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حسن غفور،پی ڈی ایم اے افسران اصغر اقبال ،سید اختر،ایکسین ضلع کونسل شاہداللہ شاکر ودیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اس موقع پر محکمہ سول ڈیفنس ،ریسکیو1122،لائیو سٹاک وصحت نے اپنے اپنے سٹالز لگائے ہوئے تھے جن پر فلڈ کے دوران حفاظتی اقدامات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری آلات و ادویات موجو د تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے فرداًدفرداً تمام سٹالز کا معائنہ کیاجس پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی گئی ۔قبل ازیں موک ایکسرسائز آمد پر ریسکیو1122کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ڈسٹرکٹ ایمرجینسی آفیسر ڈاکٹر سجاد حسین اور سیفٹی آفیسر عنایت بلوچ نے پری فلڈ موک ایکسرسائز کی غرض وغایت ،پیشگی حفاظتی اقدامات اور ریسکیو ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں محکمہ کی تیاری سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ریسکیورز نے سیلاب کے موقع پر انخلاء کرانے ،ڈوبتے افراد کو بچانے و مال اسباب کو محفوظ جگہ تک لے جانے ،ابتدائی طبی امداد ،ہسپتال منتقلی ،لائف جیکٹس اور لائف رنگ کے استعمال کے لیے کشتیوں کے ذریعے عملی طور پر شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ پلان کے تحت موک ایکسرسائز لازمی جزو کی حیثیت رکھتی ہے جس کا عملی مظاہرہ اور سٹالز کے ذریعے محکموں کی استعداد کار اور ہنگامی حالا ت سے نمٹنے کے لیے صلاحیتوں جائزہ لینا مقصود ہوتا ہے اور ضلع لیہ میں تمام محکموں کی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائز کے سلسلے کو جاری رکھا جائے۔