چوک اعظم( صبح پا کستان ) کھیلوں کے میدان آباد کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے ۔کھیلوں کا فروغ ہمیشہ اولین ترجیح رہا ۔اِن خیالات کا اظہار چیئرمین میونسپل کمیٹی ملک ریاض گرواں اور وائس چیئرمین لالہ اسلم گجر نے آل ڈسٹرکٹ عبدالخالق میموریل ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ٹورنامنٹ کا اہتمام شاہین فٹ بال کلب چوک اعظم نے میونسپل کمیٹی کے تعاون سے کیا ۔ٹورنامنٹ 13اپریل تا 17اپریل منعقد ہو گا ۔
انہوں نے مزید کہاکہ جس معاشرے میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں ۔صحت مند معاشرے ترقی کیا کرتے ہیں اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ چوک اعظم میں کھیلوں کی سرپرستی کے لیے میونسپل کمیٹی کا کردار مزید فعال بنایا جائے گا ۔
افتتاحی میچ میں لیہ اور چوک مَنڈا کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔تقریب میں مہر مقبول ہراج ،رب نواز خان کھیتران ،ملک مقبول اِلٰہی ،ارشد بیرا،سردار عباس خان ،پروفیسر لالہ احمد گجر ،اسلم منا ،اور دیگر معززین علاقہ نے بھی شرکت کی ۔