لیہ (صبح پا کستان ) ضلع لیہ میں ووٹ کی تصدیق اور درست اندراج کے لیے 120ڈسپلے سنٹرز پر ووٹرز اپنے ناموں کی تصد یق کررہے ہیں اور اب تک 256اعتراضات موصول ہوئے ہیں جنہیں نمٹایا جارہا ہے جبکہ انتخابی عملہ کی ٹریننگ کا آغاز 23اپریل سے تین سنٹرز کے ذریعے کردیا جائے گا۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محبوب احمد کی زیر صدرات انتخابی فہرستوں،پولنگ اسٹیشن پرسہولیات ،انتخابی عملے کا ڈیٹا مرتب کرنے اور ٹریننگ ایسے امور کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جاوید اقبال اعوان،ڈی او تعلیم ذوالفقار علی ،ڈی ڈی تعلیم و فوکل پرسن توکل حسین ،ڈی ڈی لوکل گورنمنٹ یوسف کلیم،ایس این اے ناصر محمودو دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں جاوید اقبال اعوان نے بتایا کہ انتخابی فہرستوں کے جائزہ کے لیے 120ڈسپلے سنٹرز کام کررہے ہیں جن میں لیہ میں62کروڑ میں 35اور چوبارہ میں 23شامل ہیں۔ڈسپلے سنٹرز پر ووٹرز کی سہولت کے لیے انتخابی فہرستیں اور متعلقہ سٹاف موجود ہے جہاں کسی قسم کی درستی یا تبدیلی کے لیے ابتک لیہ میں 150،کروڑ میں 24اور چوبارہ میں 82درخواستیں مامور افسران پرنسپل مہر اختر وہاب،ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نصر اللہ بھٹی کو موصول ہوئی ہیں جن میں سے اکثر کو نمٹایا جاچکا ہے اور انتخابی عملے کی ٹریننگ کا آغاز 23اپریل سے کیا جارہا ہے جس کے لیے 9ہزار سے زائد انتخابی عملے کا ڈیٹامرتب کر لیا گیا ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی محبوب احمد نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے الیکشن کمیشن کی ضروریات کے مطابق سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائیں اور قائم کردہ پولنگ اسٹیشن کا معائنہ کرکے عدم دستیاب سہولیات فراہم کی جائیں ۔بعدازاں ڈی او تعلیم ذوالفقار علی نے تحصیل چوبارہ کے سکولوں میں مختلف ڈسپلے سنٹرز کا معائنہ کیا۔