لیہ(صبح پا کستان )جسٹس علی باقر نجفی نے ڈسٹرکٹ بار لیہ کے نومنتخب عہدیداران بار کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بار اور بینچ گاڑی کے دو پہیے ہیں ان پہیوں کو کھینچنے والے عوام ہیں جو انصاف کی فوری فراہمی چاہتے ہیں عوام کو بروقت اور فوری انصاف کیلئے عدالتوں اور وکلا ء کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا،چیف جسٹس آف پاکستان کے ویژن کے مطابق عوام کو فوری اور سستا انصاف مہیا کرنے کیلئے میدان عمل میں آنا ہوگا ،ہڑتال کلچر کا خاتمہ کرنا ہوگا ،ہڑتالیں ججز کو کام کرنے اور لوگوں کی انصاف کی فراہمی میں رکاوٹیں پید اکرتی ہیں بارز کو ججز کو عوام کو فراہمی انصاف کیلئے کام کرنے پر مجبور کرنا چاہئے ججز کے کام نہ کرنے پر بارز عہدیداران سے گفت وشنید ہوسکتی ہے،ضلع لیہ کی بار مثالی بار ہے جس کی وجہ سے ضلع لیہ کرائم فری ضلع نظر آرہا ہے جس ملک کا عدالتی نظام انصاف کے تقاضے پورے کررہا ہو اس ملک کے خلاف کی جانے والی سازشیں ختم ہو جاتی ہیں پاکستان کا عدالتی نظام الحمداللہ بہتر انداز میں کام کررہا ہے اس لئے پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھنے والے اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں ملک میں فوری انصاف کیلئے بار اور بینچ جو کہ ایک خاندان کی حیثیت رکھتا ہے اس کا کلیدی کردار ہے،مسٹر جسٹس شہباز علی رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان وکلاء ضلع لیہ میں موجود ڈسٹرکٹ لیگل امپاور کمیٹی کو فعال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ڈسٹرکٹ جیل لیہ دورہ کے موقع پر مختلف قیدی وکیل نہ ہونے کی وجہ سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں نوجوان وکلاء ان بے سہارا لوگوں کا سہارا بن کی فری لیگل ایڈ دیں تاکہ انصاف کی فوری فراہمی ممکن ہو سکے اور بے سہارا کو انصاف کی فراہمی میں مدد مل سکے،انہوں نے کہا کہ اچھے کام کرنے کیلئے خود کو آگے لانا ہوگا کسی کی طرف نہیں دیکھنا چاہیئے،تقریب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیہ شوکت کمال ڈار،صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان بینچ محمود اشرف خان،صدر ڈسٹرکٹ بار سید غضنفر بخاری،سابق صدر مہر احمد علی واندر ،مہر مسرور حسین سمرا جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بارنے بھی خطاب کیا قبل ازیں جسٹس علی باقر نجفی نے نومنتخب عہدیداران ڈسٹرکٹ بار لیہ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا ،آخر میں مہمانوں اور ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداران میں کو شیلڈز بھی تقسیم کی گئی،تقریب میں سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل میاں عباس احمد ایڈووکیٹ،ممبر پنجاب بار کونسل ملک غلام مصطفیٰ جونی ایڈووکیٹ،صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ ،سابق ایم پی اے چوہدری اصغر علی گجر،ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد،سابق چیئرمین بلدیہ سیٹھ محمد اسلم خان،پراجیکیٹ ڈائریکٹر رائے قیصر بھٹی،سابق ایم این اے ملک نیاز احمد جکھڑ،چیئرمین ضلع کونسل ملک احمد علی اولکھ،چیئرمین میونسپل کمیٹی حافظ جمیل احمد خان ،جنوبی پنجاب اضلاع کی بارز کے صدور،سیکرٹری ،عہدیداران و ممبران کے علاوہ سول سوسائٹی ،صحافی و دیگر طبقات کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔