لیہ(صبح پا کستان ) ضلع بھر میں غیر رجسٹرڈ، جعلی و غیر معیاری ادویات کی روک تھام ،بلالائسنس میڈیکل سٹور چلانے اور عطائیت کے خاتمے کے لیے منظم بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ڈسٹرکٹ ڈرگ کوالٹی کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مختلف کیسز کی سماعت کے موقع پر کہی۔کمیٹی میں اے ڈی سی جی محبوب احمد ،سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ ،ڈرگ انسپکٹر ملک سعید جوتہ ،محمد فیصل ،سیکرٹری کمیٹی محمد روف میو،ڈاکٹر لیاقت چوہدری اور حافظ فیض محمدموجود تھے۔کمیٹی میں احمد حسن ،ندیم اقبال،سیداحمد رمزی،فلک شیر،عبیداللہ انور،صدیق انصاری،محمد اکمل ،کاشف حمید،نذیر احمد،آصف جاوید،ضیاء الحسن،ضیااللہ،محمد اکبر،چوہدری ظفر اقبال،غلام یاسین اور محمد شاہد حمیدکے خلاف بلالائسنس ،بغیر وارنٹی ،ایکسپائری ادویات رکھنے غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروختگی،ریکارڈ درست طور پر مرتب نہ کرنے اور عطائیت کے کارو بارمیں ملوث ہونے کی شکایت ایسے امور کی سماعت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے سماعت کے بعدڈرگ کورٹس میں مقدمات بھجوانے ،پراسیکوشن کے مختلف مراحل،جرمانے ،سیل کیے جانے ،غیر معیاری ادویات کی تلفی اور وارننگ کی سزائیں سنائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ موثر مانیٹرنگ کے لیے خصوصی مہم کو مزید بہتر انداز میں چلایا جائے اور غیر معیاری کلینکل لیبارٹریوں کو بھی بند کرنے کے لیے قواعد و ضوابط کے تحت اقدامات عمل میں لائیں تاکہ مریضوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جائے سکیں۔