ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) .ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے مراکز صحت میں ایچ ون این ون انفلوئنزا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور معاون سٹاف کی ویکسی نیشن کی ہدایات جاری کر د ی گئی ہیں . سرکاری ہسپتالوں میں معلوماتی کاونٹرز اور آئسولیشن وارڈز قائم کیے جائیں گے . ڈینگی طرز پر موسمی فلو سے بچاؤ کیلئے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے گی . اس بات کا فیصلہ کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور ہیلتھ افسران نے شرکت کی. کمشنر احمد علی کمبوہ نے کہاکہ ڈویژن کے ضلعی صدر ہسپتالوں میں تمام آلات ، سہولیات اور ضرو ری ادویات فراہم کر دی گئی ہیں . ہر مریض کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کرنے کی روش ترک ہونی چاہیئے .سیزنل انفلوئنزا کاوائرس منتقل ہونے کی تحقیقات کی جائے. انہوں نے کہاکہ موسمی فلو سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں ہاتھ ملانے کی بجائے السلام علیکم کہا جائے . ہاتھ باقاعدگی سے صابن یا لیکوڈ سے دھوئے جائیں . اجلاس میں بتایاگیا کہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں سال 2017اور 2018کے دوران ایچ ون این ون کے 22کیس رپورٹ ہوئے جن میں11پازیٹو ، سات نیگٹو اور چار کا نتیجہ زیر التواء ہے . پازیٹو رپورٹ کے پانچ مریض فوت ہو گئے جن میں ضلع مظفرگڑھ کے چار اور ضلع راجن پو رکا ایک شامل ہے . ضلع ڈیرہ غازیخان کے دو ، مظفرگڑھ اور راجن پور کا ایک ایک مریض زیر علاج ہے دیگر صحت یاب ہونے پر ڈسچارج کر دیئے گئے ہیں . انفلوئنزا کے حوالے سے آگاہی مہم جاری ہے مرض سے بچنے کیلئے کھانستے اور چھینکتے وقت منہ پر ہاتھ رکھنے کی بجائے رومال اور ٹشو پیپر رکھا جائے . ڈویژن بھر کے متعلقہ سٹاف کی ویکسی نیشن کر دی گئی ہے . تعلیمی اداروں میںآگاہی مہم چلائی جا رہی ہے . ہاتھ نہ ملانے سے 75فیصد تک وائرس کی منتقلی روکی جاسکتی ہے . اجلاس میں ڈیرہ اور راجن پو راضلاع کے ڈپٹی کمشنرز باالترتیب محمد ابراہیم جنید ، اشفاق احمد ، ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر خلیل احمد ، سی ای اوز ڈاکٹر امیر عبداللہ ، ڈاکٹر شاہد مگسی کے علاوہ شہزاد قدیر ، ڈاکٹر ہمایوں ، ڈاکٹر علی حسن اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے.