ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) ڈیرہ غازیخان مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کی تعمیرمیں رکاوٹ بننے والے بجلی کے کھمبوں کو دس روز کے اندر منتقل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے . تعلیمی اداروں میں زیر التوابجلی کے میٹرز کی تنصیب اور صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں کی پیشرفت کے بارے میں معلومات ویب سائیٹ پر فراہم کر کے اراکین اسمبلی کو دسترس دینے کا فیصلہ کیاگیاہے . یہ فیصلہ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت اراکین اسمبلی کی تشکیل کردہ ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم جنید ، ایم پی اے سردار محمود قادر لغاری ، وائس چیئرمین ضلع کونسل سردار احمد خان لغاری کے علاوہ متعلقہ افسران شریک تھے . اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ایس ڈی جیز پروگرام کی سکیموں کی تکمیل کیلئے ٹائم لائن طے کی جائے . فورٹ منرو سمیت ضلع بھر میں بجلی کے غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے سمیت دیگر اقدامات کا فیصلہ کیاگیا. ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم جنید نے بتایاکہ اے ڈی پی 2017-18کے تحت ضلع ڈیرہ غازیخان میں 178نئے منصوبوں میں سے 165کی منظوری دے دی گئی ہے جن پر تقریبا ساڑھے گیارہ ارب روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے اور ساڑھے 82کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں . سڑکوں کے 90، پبلک ہیلتھ کے61، سکول ایجوکیشن کے پانچ ، پبلک بلڈنگز کے تین ، سپورٹس و امور نوجواناں اور لوکل گورنمنٹ کے دو ، دو منصوبوں کے علاوہ سپیشل ایجوکیشن کے ایک منصوبے کی منظوری دی گئی ہے جن کے ٹینڈر جاری کر کے تعمیراتی کام کا آغاز کر دیاگیاہے. فورٹ منرو میں شاہین ایجوکیشن فاونڈیشن کے اشتراک سے کیڈٹ کالج قائم کیاجائے گا. رقبہ کی خریداری کا عمل جاری ہے اور 25فیصد مالکان کو ادائیگی کر دی گئی ہے . اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کی گئیں.