لیہ (صبح پا کستان)میلے ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ مقامی پروڈکٹس کے ڈسپلے اورکھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے سلسلے میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں یہ بات ایم این اے صاحب زادہ فیض الحسن سواگ نے لیہ تھل میلہ و دوسری جیپ ریلی کے دوسرے دن کی منعقدہ تقریبات سے بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ چیئر مین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمد ، چیئر مین ایم سی چوبارہ مظہر عباس مگسی، یونین چیئر مین سردار سبطین خان گشکوری، پیر رفاقت علی گیلانی کونسلر میونسپل کمیٹی غلام عباس کلاسرہ ، کامران روحانی سمیت بابر خان مگسی، ناصر عباس مگسی،اے ڈی سی آر نعیم اللہ بھٹی ،اے سی چوبارہ صفات اللہ ،اے سی کوارڈی نیشن سلیمان تنویر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرخواجہ سیف الرحمان انجمن تاجران لیہ کے عہدیداران ملک مظفر اقبال دھول، شیخ محمد کاشف ، وکلا ء،اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ میلے کی رنگا رنگ تقریبات جن میں دیسی کشتیاں، نیزہ بازی، اونٹ و گھوڑ ا ڈانس اور علاقائی ثقافتوں کے فروغ کے لئے لگائے گئے مختلف سٹالزمیں مرد وخواتین کی توجہ کامرکز رہے اور محکمہ پولیس و لائیوسٹاک کے سٹالز پر بے پناہ رش دیکھنے میں آیا۔ میلہ میں جی سی یونیورسٹی لاہور لیہ ایمز کیمپس کے طلبانے بھی ثقافتی پروگرامز میں حصہ لیا ۔ نیزہ بازی کے سنگل سیکشن کے مقابلے عوام کی توجہ کا مرکزبنے رہے ۔ سیکورٹی کے بہتر انتظامات و دیگر سہولیات کی فراہمی سے عوام کی کثیر تعداد میلے کی رنگا رنگ پروگرام سے لطف اندوز ہوتی رہی۔ دوسری تھل جیپ ریلی کی سٹاک کیٹگری میں 29ریسرز نے حصہ لیا اور پنڈال کے سامنے سے گزرتی گاڑیوں کے ریسرز کو عوام نے انکی مہارت پر خوب داد دی۔ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ کی ہدایت پر میلے میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تمام محکموں نے سٹال لگائے تھے جبکہ ضلع کی پانچو ں میونسپل کمیٹیوں کے افسران نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے میلہ میں عوام کو سہولیات پہنچانے کے لئے خدمات سرانجام دیتے رہے۔ ریگستان میں منعقد ہونے والا لیہ تھل میلہ عوام کے لئے جنگل میں منگل کی حیثیت رکھتے ہوئے بھر پور سماں باندھے ہوئے رواں دواں ہے جس کی اختتامی نشست کل بروز اتوارمڈپوائنٹ چوبارہ میں تقسیم انعامات پر ہو گی۔