ڈیرہ غازی خان(صبح پا کستان) میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان نے 16کروڑ روپے سے زائد واجبات کی وصولی کیلئے نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی کا فیصلہ کرلیا۔باقیداروں کو واجبات 15 روز کے اندر جمع کرانے کیلئے نوٹسز جاری کردئیے گئے۔نادہندگان کے خلاف بلاامتیازموثر کاروائی کریں گے کسی قسم کا دباؤقبول نہیں کیا جائے گا تفصیلات کے مطا بق چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان چوہدری محمد اسلم کے مطابق میئر ڈی جی خان شاہد حمید خان چانڈیہ کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کی جانب سے بورڈ آف ریونیو پنجاب لاہور کی چٹھی نمبر276-2017/639-CS-III مورخہ26 مئی 2017 کے تحت نیو جنرل بس اسٹینڈ ،پرانا جنرل بس اسٹینڈ، سٹی پارک، جد ید سبزی منڈی ، شاپنگ سنٹر بلاک 7،شاپنگ سنٹر اندھے والی پلی کے نادہندگان کرایہ داران کو نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اندر معیاد 15 یوم کرایہ جات کی مد میں اپنے ذمہ واجب الادا رقم ادا کر دیں ،بصورت دیگر میونسپل کارپوریشن ان کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کی مجاز ہوگی اور اس ضمن میں ان کا کوئی عذر قابل سماعت نہ ہوگا۔چیف آفیسر چوہدری محمد اسلم نے مزید بتایا کہ مذکورہ بالا مقامات پر واقع دکانوں کے کرایہ جات کی مد میں تقریباً 16 کروڑ روپے سے زائد رقم واجب الوصول ہے۔ اتنے بڑے پیمانے پر بقایاجات کی وصولی نہ ہونے سے میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے ،انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نادہندگان سے کروڑ وں روپے کے واجبات کی وصولی سے شہریوں کو اعلیٰ معیار کی میونسپل سروسز فراہم کرنے میں خاصی مدد ملے گی اور کارپوریشن کو درپیش معاشی چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے گا۔