ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے خدمت انسانی کے ذریعے تعلیم کا جو چراغ روشن کیا ہے اس کی روشنی ہمارے پائیدار مستقبل کی نوید ہے . ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے آج ڈیرہ غازیخان میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے چوتھے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا . اس موقع پر ڈیرہ غازیخا ن ڈویژن کے 4100ذہین طلباؤطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے . صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ آج کے نوجوان طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں جنہوں نے اپنی محنت سے قائد ؒ کے خواب کی تعبیر پیش کرنا ہے .انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونہار طالب علموں کو نہ صرف لیپ ٹاپ اور وظائف سے نواز ا گیا ہے بلکہ پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ان طلبہ کو سلامی پیش کر کے احترام آدمیت اور طالب علم کا جو منظر پیش کیا ہے اس سے پہلے دیکھنے میں نہیں آیا . مذکورہ تقریب سے صوبائی وزیر ورکس اینڈ کمیونیکیشن تنویر اسلم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاک طالب علم کامیابی کیلئے سچ کا زینہ استعمال کریں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب نے جس درد اور احساس سے پسماندہ علاقوں کے بچوں کی کارکردگی کو سراہا ہے اس سے یہ یقین کیا جاسکتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہو گا . تقریب سے دانش سکو ل کے طالب علم شاہد سرفراز نے اپنی داستان سناتے ہو ئے کہا کہ وہ ایک یتیم طالب علم ہے جسے حکومت نے سرپرستی کر کے اوج ثریا کے راستے پر گامزن کردیا ہے . ان کا عزم ہے کہ وہ تعلیم کی روشنی کو گھر گھر پہنچا کر ملکی ترقی میں اپنا کردارادا کریں گے . بعدازاں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کی طالبہ رمشاء اسحاق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہی وہ سب سے بڑا ہتھیار ہے جس سے ہم دنیا پر غلبہ حاصل کر سکتے سائنسی ایجادات کا عہد نوتقاضا کرتا ہے کہ ہم لیپ ٹاپ جیسی سہولت سے فائدہ اٹھا کر مستقبل کے راستوں کا تعین کرتے ہوئے اپنی منزل پا لیں . تقریب کی نظامت علاقہ کی ہمہ جہت شخصیت محبوب حسین نے کی . اس موقع پر کمشنر احمد علی کمبوہ ، آر پی او ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک ، ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم ، اراکین صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ ، بیگم نجمہ ارشد ، منتخب بلدیاتی نمائندے ، اساتذہ ،طلباؤطالبات ، والدین اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے . تقریب میں تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت بالترتیب عمران ملک اور عبدالمنان معینی نے حاصل کی . پولیس ایجوکیٹرسکول کی بچیوں نے ملی نغمہ پیش کیا . اس موقع پر متذکرہ افسران نے افرا احمد ، حاویہ بشیر ، ماورا زاہد ، محمد عبدالرحمن ، محمد اویس حمید قرنی ، سعد سلیم ، ولیجہ بلال ، آمنہ بشیر ، سیدہ فنیرہ بتول ، محمد عارف ، احسن ارشد، علی حسن ، محمد اسامہ ، طلحہ رحمن ، اسد ریاض، عائشہ بتول ، مصباح اعجاز ، بختاور خالد ، زرناب شوکت ، وردا فیض ، فاطمہ نور ، سعد رسول ، شمس الحق ، وقاص فرید سمیت ڈویژن بھر میں ٹاپ پوزیشن ہولڈرز میں جدید ٹیکنالوجی کے آئی سیون لیپ ٹاپ کمپیوٹر تقسیم کیے .
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے صوبائی وزراء کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا . اس موقع پر چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد شفیق ، کمانڈنٹ بی ایم پی جمیل احمد ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ عبدالجبار موجود تھے ‘