لیہ(صبح پا کستان)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عبدالقیو م نے کہا ہے کہ مصالحت سنٹر گھرانوں کو آباد رکھنے اور لوگوں کے تصفیہ طلب معاملات کو باہمی گفتگو و شنید کے ذریعے باعزت طریقہ سے نمٹانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے یہ بات آلٹر نیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن سنٹر میں آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزنجف عباس ،رائے محمد یاسین شاہین ،ظفر اللہ نیاز ی ،سینئر سول ججز کامران احمد،ریحان آصف حیات ،انچارج اے ڈی آڑ سنٹر محمد اسلم گادھی ، ڈسٹرکٹ بار مہر احمد علی ایڈووکیٹ ،ممبر ان سول سائٹی مہر محمد اقبال سمرا،اسلم ارشد سیہڑ،منظو رخان میرانی ،عنایت اللہ کاشف ،وکلاء ،میڈیا نمائندگان موجو د تھے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ مصالحت کاری کے ذریعے مخالف پارٹیوں میں صلح کروا کے ایک پرامن معاشرے کو فروغ ہی نہیں عدالتوں سے مقدمات میں بھی خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ مصالحت کاری حکم خداوندی اور سنت نبوی ہے جس پر معاشرے کا ہر فرد کردار ادا کر کے دنیا و آخرت میں سر خرو ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹ منصور علی شاہ کی فوری او رسستے انصاف کی فراہمی کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے بار اور بینچ باہمی تعاون جاری رکھیں گے ۔صدر ڈسٹرکٹ بار مہر احمد علی واندر ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری عدلیہ کی عزت و تکریم اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے جس کے حصول کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔انچارج اے ڈی آر سنٹر سول جج اسلم گادھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصالحت سنٹر میں اب تک 110کیسسز ریفر کیے گئے جن میں سے 72کیسز میں متعلقہ پارٹیوں میں سہولت کاری کے زریعے صلح کروائی گئی ہے جو اے ڈی آر سنٹر کی نمایاں کارکردکی کی بدولت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے ذریعے نہ صرف فریقین کا وقت اور پیسہ کا ضیاع بلکہ خاندان کی پرانی رنجشیں بھی ختم ہورہی ہیں ۔تقریب سے مہر محمد اقبال سمرا ،اسلم ارشد خان ایڈووکیٹ ،خالد محمود بزمی ایڈووکیٹ ،منظور خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم کو کامیاب بنانے کے لیے عوام میں زیادہ سے زیادہ شعور وآگہی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ حل طلب مسائل کو فوری حل کیا جاسکے۔آگہی سیمینار کی نظامت کے فرائض سینئر سول جج اختر عباس خان نے سرا نجام دیے۔قبل ازیں اے ڈی آر سنٹر کے طریقہ کار بارے سوال و جواب کا سیشن ہوا۔