لیہ (صبح پا کستان) ڈپٹی کمشنر واجد علی شا ہ کا تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان ۔دستیاب وسائل کے مطابق سہولیات فراہم نہ کرنا پیشہ مسیحائی سے بددیانتی ہے۔انہوں نے یہ بات پنجاب ہیلتھ ریفارمز سروس پروگرام کے سلسلہ میں ضلعی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نعیم اللہ بھٹی ،چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ ،اسسٹنٹ کمشنر کوراڈی نیشن حافظ سلمان تنویر ،اے سی لیہ عابد کلیار،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ڈاکٹر بشیر احمد سمرا،کوراڈی نیٹرآئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر عتیق الرحمان اور دیگر تمام متعلقہ ایم ایس اور ایم اوز موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کے بہتر علاج و معالجہ کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کررہی ہے تاہم اس کے ثمرات سے عوام کو حقیقی معنوں میں مستفید کر نے کے لیے ایم ایس اور سینئر میڈیکل آفیسر کو دیانتداری سے فرائض سر انجام دینا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹروں کی موجود گی کو یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کو فعال رکھاجائے اور ٹی ایچ کیوسطح پر ایم ایس اور سینئر کنسلٹنٹ رات کے اوقات میں اسپتالوں کے روانڈ کا شیڈول بنائیں ۔ڈپٹی کمشنر نے ناقص کارکردگی کے حامل ویکسی نیٹرز کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت بھی کی۔اسسٹنٹ کمشنر کوارڈی نیشن حافظ سلمان تنویر نے ملٹی میڈیا کے ذریعے ضلع بھر میں صحت ،سہولیات بارے بریفنگ دی ۔ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے اس موقع پر بتایا کہ گزشتہ ماہ ڈی ایچ کیولیہ میں 29ہزار 176،چوبارہ میں 7ہزار 417،تھل ہسپتال میں 10ہزار 500کوٹ سلطان ہسپتال میں 14ہزار 689افراد کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔اجلاس میں بتایا گیاکہ گزشتہ ماہ 46میڈیکل سٹوروں کا معائنہ کیا گیا ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیو مہم کامیابی سے مکمل کی گئی ہے جبکہ انسداد ڈینگی مہم جاری ہے اور اس سلسلہ میں مختلف جگہوں کا معائنہ کیا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنرنے اجلاس میں ٹی ایچ کیو کوٹ سلطان کے لیے ایکسرے اور الٹرا ساونڈ مشین کی خریداری کے لیے بھی ہدایت کی ۔