ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ) پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ڈیرہ غازیخان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ان پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف27اکتوبر یوم سیاہ کے طو رپر منایا جائے گا. اس سلسلے میں ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد اقبال مظہر کی زیر صدارت منعقدہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر صدر شاہد عباس کاٹھیہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد ذکاء الدین ، پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف کامرس پروفیسر سجاد حسین ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرسکولز عطااللہ ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد خلیل ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد کامران اصغر کے علاوہ دیگر محکمو ں کے افسروں نے شرکت کی .
اجلاس میں 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی . بتایا گیا کہ 27اکتوبر کو گیارہ بجے دن ضلع کونسل ہال سے بمبے ہوٹل تک ریلی نکالی جائے گی جس میں سکولوں ، کالجوں کے طلباؤطالبات اور اساتذہ شرکت کرکے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں گے . اس کے علاوہ شہر کی اہم شاہراہوں اور پبلک مقامات پر کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم سے متعلق خصوصی تصویریں و بینرز لگائے جائیں گے پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام سیمینار ، تصویروں کی نمائش کا انعقاد کیاجائے گا اور طلبہ کے درمیان تقریری مقابلے کرائے جائیں گے . انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد ذکاء الدین کو فوکل پرسن مقرر کیاگیاہے.