لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ شریف خاندان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں،ان کو فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہیے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کے خلاف سپریم کورٹ نے مقدمات بنائے ہیں لیکن ہم نے تو سیف الرحمان کے احتساب بیورو کا احتساب بھی برداشت کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے گرفتار کیا جاتا، جیل بھیجا جاتا اور پھر کیس ڈھونڈے جاتے تھے۔شریف فیملی کا فرد ہو تو ایک دن میں ضمانت ہوجاتی ہے جب کہ ہمارے لوگوں کی ڈھائی سال بعد ضمانت ہوتی ہے، یہ کیسا احتساب ہے؟چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جب تک برابری کی بنیاد پر احتساب نہیں ہوگا ہم نہیں مانیں گے۔آصف زرداری نے کہا کہ گاڈ فادر لندن میں بیٹھ کر ہمیں مفاہمت کے خفیہ پیغامات بھیجتا ہے لیکن مومن ایک سوراخ سے دو بار ڈسا نہیں جاتا اس لئے ہم نے مفاہمت کے تمام پیغامات مسترد کردیے ہیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے افرا د کو فوری گرفتار کیا جائے کیوں کہ جس احتساب کی چکی میں سے ہم گزرے شریف خاندان کو بھی گزرنا چاہیے اورجب تک برابری کی بنیاد پر احتساب نہیں ہو گا ہم اسے تسلیم نہیں کریں گے۔
source..
http://dailypakistan.com.pk/national/20-Oct-2017/663169